سوال: خوشی و مسرت کے اظہار کے لئے کسی خاص وقت کی قید نہیں لگائی گئی تو پھر ہم ولادت کی خوشی کیلئے ربیع الاول کے بارہ دنوں کو ہی کیوں منتخب کرتے ہیں ؟
سوال: خوشی و مسرت کے اظہار کے لئے کسی خاص وقت کی قید نہیں لگائی گئی تو پھر ہم ولادت کی خوشی کیلئے ربیع الاول کے بارہ دنوں کو ہی کیوں منتخب کرتے ہیں ؟
جواب: مخصوص دنوں کو قلبی مسرت کے اظہار کے لئے منتخب کرنا بھی قرآن پاک کے حکم اور رحمت عالم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی سنت کے عین مطابق ہے کیونکہ اللہ تعالٰی نے قرآن پاک میں ارشاد فرمایا وذکرھم بایام اللہ اور انھیں اللہ عزوجل کے دن یاد دلا (پارہ 13 سورہ ابراہیم آیت5) اس آیت کریمہ کی تفسیر فرماتے ہوئے حضرت نعیم الدین مراد آبادی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ تفسیر خزائن العرفان میں ارشاد فرماتے ہیں “بعض مفسرین نے فرمایا کہ “ایام اللہ“ سے وہ دن مراد ہیں جن میں اللہ تعالٰی نے اپنے بندوں پر انعام فرمایا جیسا کہ بنی اسرائیل کے لئے من و سلوٰی اتارنے کا دن اور حضرت موسٰی علیہ السلام کے لئے دریا میں راستہ بنانے کا دن وغیرہ (خازن و مدارک و مفردات راغب) (پھر فرمایا) “ان ایام اللہ میں سب سے بڑی نعمت کے دن سید عالم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی “ولادت و معراج“ کے دن ہیں ان کی یادگار قائم کرنا بھی اس آیت کے حکم میں داخل ہے۔“
اور دنوں کو عبادت وغیرہ کے ذریعے خاص کر لینا، سنت اسی طرح ہے کہ بخاری و مسلم شریف میں حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم جب مدینہ منورہ تشریف لائے تو یہودیوں کو عاشورہ (یعنی دن محرم) کا روزہ رکھتے پایا دریافت فرمایا “یہ کیا دن ہے کہ تم روزہ رکھتے ہو ؟“ عرض کی گئی “یہ عظمت والا دن ہے کہ اس میں موسٰی علیہ السلام اور ان کی قوم کو اللہ تعالٰی نے نجات دی اور فرعون اور اس کی قوم کو ڈبو دیا، لٰہذا موسٰی علیہ السلام نے بطور شکر اس دن کا روزہ رکھا، چنانچہ ہم بھی روزہ رکھتے ہیں “ (یہ سن کر مدنی آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم نے) ارشاد فرمایا کہ موسٰی علیہ السلام کی موافقت کرنے میں بہ نسبت تمھارے، ہم زیادہ حق دار ہیں و قریب ہیں“ چنانچہ آپ نے خود بھی روزہ رکھا اور اس کا حکم بھی فرمایا“ دیکھئے
اس حدیث پاک سے واضح ہو گیا کہ جس دن اللہ تعالٰی کے کسی انعام کا نزول ہوا، اسے عبادت کیلئے مخصوص کرنا حضرت موسٰی علیہ السلام کی اور آپ کی موافقت میں مدنی آقا صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی اور آپ کے حکم کی تعمیل میں صحابہء کرام رضی اللہ تعالٰی عنہم کی بھی سنت مبارکہ ہے، چنانچہ ربیع النور شریف میں مولود مصطفٰی صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کے انعام کے حصول کے جواب میں مخلتف عبادات کا اختیار کرنا بھی یقیناً جائز اور باعث نزول رحمت ہے۔